پونچھ//احاطہ گورنمنٹ مڈل اسکول بائولی میں مقامی لوگوں کی جانب سے ناجائز تجاوزات کھڑاکئے جانے پراسکول انتظامیہ اور زیر تعلیم طلباکے والدین شدید پریشان ہیں ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر اور تحصیلدار حویلی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ناجائز تجاوزات کو پولیس کی مدد سے ہٹانے کے اقدامات کریں۔انہوںنے کہاکہ اگرچہ تحصیلدار نے پولیس کی مدد سے ان تجاوزات کو ختم بھی کرایاتاہم پولیس کے وہاںسے ہٹنے کے ساتھ ہی دوبارہ قبضہ کرلیاگیاہے۔طلبا کے مطابق مقامی لوگوں نے اپنے گھروں کے بیت الخلاء کی نکاس کی نالیاں اسکول کے کچن کے ساتھ بنا رکھی ہیں جن کی وجہ سے ان کو وہاں بنائے گئے مڈ ڈے میل کا کھانا کھانے کا جی ہی نہیں کرتااور اب تنگ آ کر اکثرطلبا نے مڈڈے میل کا کھانا کھانا بالکل بند کر دیا ہے ۔اس صورتحال پر ہیڈ ماسٹر مڈل اسکول نے ایک خط زیر نمبر GMS/13 چیف ایجوکیشن افسر پونچھ کو تحریر کرکے ان سے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ قواعد کے مطابق وہ مڈ ڈے میل بند کردیں یا نہیں ۔ایک طالب علم کے والد نے کہا کہ انہیں کسی دوسرے سکول میںد اخل ہونے پر مجبور کیاجارہاہے ۔انہوںنے حکام سے اپیل کی کہ ان کو پریشان نہ کیاجائے اور ناجائز تجاوزات ختم کی جائیں ۔