سکولوں کے آن لائن کلاسز کیلئے پالیسی مرتب

سرینگر// حکومت نے آن لائن کلاسوں کیلئے نئے رہنما اصول جاری کرتے ہوئے کہا کہ پری پرائمری سطح کیلئے30منٹ جبکہ پرائمری سطح کیلئے90منٹوں تک دروس و تدریس کا عمل ہوگا۔حکومت نے منگل کو کہا کہ پری پرائمری اور پرائمری کلاسوں کیلئے ورچوئل کلاس روزانہ بالترتیب 30 منٹ اور 90 منٹ کی حد سے تجاوز نہیں کریں گے۔یہ ہدایات جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو چھوٹے بچوں کے لئے ورچوئل کلاسوں کے لئے نئی ہدایات وضع کرنے کے ایک دن بعد جاری کی گئیں۔ اول سے 5ویں جماعت تک طلباء کیلئے نئی ہدایات کے مطابق ، ورچوئل کلاسز کے انعقاد کے لئے دن میں 30 منٹ کی حدطے کی گئی ہے۔اسی طرح آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لئے کام کے دنوں میںآن لائن کلاسز2سیشنوں میں پر مشتمل ہونگے اور30سے45 منٹ کے حد سے تجاوز نہیں کرینگے۔9ویں سے 12ویں جماعت تک کیلئے ہر دن میں آن لائن کلاسز  3گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونگے لیکن یہ لگاتار نہیں ہونگے۔ اس سے قبل گزشتہ روز وزیر اعظم ہند نریندررمودی کو  وادی کی ایک چھ سالہ بچی نے ویڈیو پیغام میں زوم کلاسوں کے ذریعہ سکولی کام کے زیادہ بوجھ پڑنے کی شکایت کی تھی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مذکورہ بچی کے ویڈیو پیغام کا فوری طور پر سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ہدایت کی تھی کہ چھوٹے سکولی بچوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لئے 48 گھنٹوں  کے اندرایک پالیسی بنائیں۔سماجی رابطہ گاہ  پر منوج سنہا نے ویڈیو پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ’’بہت ہی پیاری شکایت ، محکمہ تعلیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ طلباء پر ہوم ورک کا بوجھ ہلکا کرنے کے لئے 48 گھنٹوں کے اندر اندر کوئی پالیسی بنائیں۔‘‘سنہا نے کہا ’’بچپن کی معصومیت خدا کا تحفہ ہے اور ان کے دن زندہ ، خوشی اور مسرت سے بھرپور ہوں۔‘‘