سرینگر // وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے کہا ہے کہ اونتی پورہ میں ایمز آئندہ 3برسوں میں تعمیر ہوگا اور وادی میں بہت جلد ایک میڈیکل یونیورسٹی کا قیام عمل میںلایا جائیگا۔شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کی 35ویں یوم تاسیس پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ حسیب درابو نے کہا ہے کہ پچھلے 60سال میں سرکاری سطح پر یہاں صرف جموں و کشمیر بنک اور میڈیکل انسٹی چیوٹ جیسے دو ہی ادارے قائم ہوسکے ہیں جبکہ سماجی سطح پر ہم کوئی بھی قابل قدر ادارہ قائم کرنے میں ناکام رہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکمز ادارے نے پچھلے 35سال میں کافی مراحل طے کئے اور اب وقت آگیا ہے کہ اس ادارے کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کی کوشش کی جائے جس کیلئے سکمز عملے کو حکومت کو تجاویز پیش کرنی ہونگی۔ حسیب درابو نے کہا کہ پچھلے 60سال میں ہم نے جو زخم خود کو دئے ہیں ان سے ہمارے اپنے تباہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس عرصے کے دوران ہر ادارے کو تباہ کیا اور آج چند اداروں کے علاوہ ہمارے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔درابو نے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ سول سوسائٹی نے پچھلے 60سال میں کون سے ادارہ کوقائم کیا حالانکہ گریٹر کشمیر ایک بہترین ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خود میں بھی ایک ادارے ہوتے ہیں جیسے ڈاکٹر علی محمد جان تھے اورڈاکٹر کھورو وغیرہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی ادارے سماج کو بدل دیتے ہیں اوریہ ضروری ہے کہ ہم ان اداروں کی دیکھ بال کرے اور انہیں بڑھاوا دیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو آگے بڑھانے کیلئے صرف پیسوں کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے آج تک سکمز کے بارے میں کوئی بھی کتاب نہیں لکھی ہے مگر آپ کو لکھنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں منفرد ہونا چاہئے اور منفرد ہونے کیلئے آپکو بیرون لوگوں سے ملنا ہوگا بلکہ بیرون ریاستوں سے ڈاکٹروں کو بھی یہاں لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ادارے مزید آگے تبھی بڑھ سکتے ہیں جب انہیں خود مختاری دی جائے گی اور مالی خود مختاری بھی ایک اہم چیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکمز کو مالی طور پر خود مختیار بنانے کیلئے آپکی تجاویز چاہئے مگر ہم اسپتال کی مالی حالت بہتر بنانے کی بات نہیں کرتے ۔اسپتال انتظامیہ کیلئے بھی ایک مخصوص شعبہ درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی شعبہ اور اداروں کو خود مختار بنایا ہے اور سکمز کو بھی خود مختیار بنایا جائیگا۔ ڈاکٹر حسیب درابو نے کہا کہ پچھلے 40سال میں ہم نے صحت کیلئے بجٹ کا نام ہی نہیں سنا ہے اور ہم نے صحت کیلئے بہت کم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کوشش کررہا ہوں کہ صحت کیلئے بجٹ بنیں۔ تقریب میں وزیر خزانہ حسیب درابو کے علاوہ وزیر مملکت برائے صحت آسیہ نقاش، ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید، ڈی سی سرینگر سعید عابد، ڈائریکٹر سکمزڈاکٹر اے آے آہنگر، پرنسپل سکمزمیڈیکل کالج ڈاکٹر ریاض اتیو، سکمز کے ڈین ڈاکٹر محمد الطاف کرمانی، سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر کھورو کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، ڈاکٹر اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔پروفیسر طارق گوجواری نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا۔ وزیر خزانہ نے سکمز کا سالانہ رپورٹ 2017ء بھی جاری کیا ۔علاوہ ازیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2017 ایک معروف نیوروسرجن ایم افضل وانی کو عطا کیا گیا۔
سکمز کا 35واں یوم تـاسیس
