سکمز میں ڈاکٹروں کی 6 روزہ ہڑتال ختم

سرینگر //شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں سینئر ریذنڈنٹوں اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں نے 6روز سے جاری ہڑتال کو ختم کرنے کا اعلان ہے ۔ ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سکمز کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر سکمز نے انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کے مشاہرہ میں اضافہ کا حکم نامہ جاری کریں گے۔ شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں پچھلے 6دنوں سے جاری ہڑتال ختم ہوگئی ہے۔ سکمز ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدرڈاکٹرز زبیر نے بتایا ’’ ڈائریکٹر سکمز نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کی مشاہرہ میں اضافہ کیا جائے گا ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر کی یقین دہانی ، ماہ صیام اور مریضوں کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہڑتال ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر عمر جاوید شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ سینر ریذیڈنٹوں کی ہڑتال ختم ہوگئی ہے اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر بھی جمعرات سے کام پر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سکمز میں ایمرجنسی بند ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ سکمز میں سینر ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے جمعہ کو اپنے تنخواہوں میں اضافہ کے مانگ کو لیکر ہڑتال شروع کی تھی۔