سکمز میں مریضوں کا ریکارڈ آن لائن دستیاب

سرینگر //ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت و طبی تعلیم وویک بھاردواج نے جمعرات کو سکمز صورہ میں آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کا افتتاح کیا اور اسطرح سکمز صورہ جموں و کشمیر کا پہلا طبی ادارہ بن گیا ہے جہاں مریضوں کا ریکارڈ آن لائن دستیاب ہوگا۔ اس دوران مریضوں کو آن لائن فیس جمع کرنے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جموں و کشمیر بینک کے ساتھ ایک مفاہمتی دستیاویز پر دستخط کئے گئے۔افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت و طبی تعلیم وویک بھاردواج اور نیشنل ہیلتھ مشن ڈائریکٹر چودھری محمد یاسین نے ورچوولی حصہ لیا جبکہ تقریب میں ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر پرویز احمد کول، ڈین ایکڈیمکس پروفیسر طارق گوجواری، میڈیکل سپر انٹنڈنٹ فاروق احمد جان، جموں و کشمیر بینک کے زونل ہیڈ سینٹرل سید شفاعت حسین رفاعی کے علاوہ دیگر افسران ، فیکلٹی ممبران اور طالبہ کی ایک بڑی تعداد موجود تھے۔وویک بھاردواج نے کہا ’’آج کا دن نہ صرف سکمز بلکہ پورے جموں و کشمیر کیلئے اہم ہے کیونکہ آج ہم ایک نئے باب کی شروعات کررہے ہیں‘‘۔انہوں مزید بات کرتے ہوئے کہا ’’ ہمیں پہلے سے ہی یہ یقین تھا کہ سکمز کو جموں و کشمیر میںشعبہ صحت اورطبی تعلیم کو ڈیجیٹل بنانے میں شروعات کرنی ہوگی کیونکہ ہمارا سارا ماحول ڈیجٹل ہورہا ہے‘‘۔انہوں نے کہا ’’ ہمیں سکمز کی انتظامیہ کی لگاتار کوششوں کی وجہ سے اور یہاں موجود مثبت سونچ رکھنے والے فیکلٹی ممبران کی وجہ سے  یقین تھا، کہ شروعات یہی سے ہوگی‘‘۔ بھاردواج  کا کہنا تھا  کہ ہمیں یہ بھی یقین تھا کہ سکمز کے ساتھ ملکر کی جموں و کشمیر میں ڈیجیٹل بھارت میشن کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت انفارمیشن ٹکنالوجی میں ایک سپر پاور  ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ پہلے آدھار کارڈ کے بارے میں لوگوں میں خدشات تھے لیکن اب بھارت میں 1.3بلین لوگوں آدھار کارڈ بناکر ریکارڈ ڈیجیٹل کرلیا ہے اور ان میں کسی قسم کا سیکورٹی کا خدشہ نہیں ہے۔  انہوں نے کہا کہ آج کا دن بھی اہم ہے کیونکہ آج ہی شعبہ صحت جو ڈیجٹل بنارہے ہیں جس میں مریض کا اسپتال آنا، ٹیسٹ کرنا اور اسپتال سے فارغ ہونا ، ہر کوئی جانکاری آن لائن دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا ’’ جس طریقے سے آدھار اور آن لائن انکم ٹیکس جمع کرنے کی سہولیات نے ہماری زندگی کو آسان بنایا ہے، صحت شعبہ کو ڈیجیٹل کرنے سے بھی لوگوں کو راحت نصیب ہوگی‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ سکمز نہ صرف جموں و کشمیر میں ڈیجیٹل بھارت میشن کو آگے بڑھانے میں رہنمائی کرے گا بلکہ پورے ملک میں بھی ایک مثال بنے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر پرویز احمد کول نے کہا’’ آیوشمان ڈیجیٹل بھارت محفوظ ہے، اور مریض اپنا اکائونٹ بناکر اپنے ساری جانکاری آن لائن رکھ سکتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن دستیاب جانکاری کو مریض کی اجازت کے بغیر کوئی بھی کھول نہیں سکتا اور مریض کی اجازت کے بعد ہی ڈاکٹر جانکاری تک رسائی حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا’’ ڈیجیٹل بھارت میشن کے تحت مریض کو ایک خصوصی اکائونٹ نمبر دیا جائے گا اور اس اکائونٹ تک رسائی صرف مریض کی مرضی کے بعد ہی ہوسکتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل جانکاری سے نہ صرف ڈاکٹروں فائدہ ہوگا بلکہ مریض دنیا کے کسی بھی کونے میں اپنی جانکاری تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ تقریب میں ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ میشن چودھری محمد یاسین، ڈین سکمز پروفیسر طارق احمد گوجواری،میڈیکل سپر انٹنڈنٹ فاروق احمد جان اور نوڈل آفیسر آیوشمان بھارت سکمز ڈاکٹر غلام حسن یتو  نے بھی خطاب کیا ۔تقریبسے جموں و کشمیر بینک کے زونل ہیڈ کشمیر سینٹرل سیدشفاعت حسین رفائی نے بھی  خطاب کیا اور جموں و کشمیر بینک اور سیکمز کے درمیان مریضوں کیلئے شروع کی گئی آن لائن فیس جمع کرنے کی سہولیات اور اسکی افادیت پر روشنی ڈالی۔