سرینگر //جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری میں 15ماہ بعد دوبارہ معمول کا کام کاج شروع کردیا گیا ہے۔ جبکہ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں او پی ڈی پھر سے بحال ہوگیا ہے اور اسپتال کے مختلف شعبہ جات کے 9وارڈوں میں مریضوں کا داخلہ شروع کردیا گیا ہے۔میڈیکل سپر انٹنڈنٹ جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر JLNM/H/2021-2022/130-31 بتاریخ 22جون 2021میں لکھا گیا ہے کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کے ساتھ مشاورت اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کی خصوصی ٹیم کے دورے کے بعد اسپتال میں تمام معمول کی سرگرمیاں دوبارہ بحال کی جارہی ہیں۔ اسپتال میں بطور نوڈل آفیسر تعینات ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ اسپتال میں صرف 4مریض زیر علاج تھے، جنہیں ڈی آر ڈی او اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور اب اسپتال میں صفائی اور Sanitization کے بعد معمول کا کام کاج بحال ہوگیا ہے۔ اس سے قبل شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں بھی او پی ڈی اوردیگر شعبہ جات نے کام کرنا شروع کردیا ہے۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سکمز صورہ کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر SKIMS138/168/2021/1045میں بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں داخل کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں کمی کے پیش نظر اسپتال کے 9وارڈوں جن میں میڈیکل آبزرویشن، وارڈ 2p(سرجیکل آنکولوجی)،وارڈ 3p(کوروریکٹل)،وارڈ 4(یورولوجی) وارڈ 6( پلاسٹک سرجری)وارڈ 7(شعبہ اطفال)،وارڈ 5(پوسٹ کویڈ) اور وارڈ شامل ہیں، میں دوبارہ مریضوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسپتال کے او پی ڈی کو مریضوں کیلئے 17جون سے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ اسپتال کے رجسٹریشن کونٹر پر مریضوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ 10بجے سے ایک بجے تک جاری رہے گا۔اس سے قبل 8اپریل کو کورونامتاثرین کی تعداد میں اضافہ کے بعد سکمز میں او پی ڈی بند کردیا گیا تھا