سکل ڈیولپمنٹ مشن کی موثر عمل آوری

جموں// انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تکنیکی تعلیم کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری کی صدارت میں جموں وکشمیر سکل ڈیولپمنٹ مشن کی دوسری گورننگ کونسل میٹنگ منعقد ہوئی۔وزیر خزانہ اور تعلیم سید محمد الطاف بخاری، سماجی بہبود اور سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر سجاد غنی لون اور صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین چودھری، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، کمشنر سیکرٹری تکنیکی تعلیم ہلال احمد پرے، پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شلیندر کمار کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔گورننگ کونسل کو ریاست میں پچھلے دو برسوں کے دوران مشن کے تحت عملائے جارہے اقدامات اور پالیسیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔گورننگ کونسل نے ریاست میں سکل مشن کی کامیاب عمل آوری کے لئے لازمی اقدامات سے جڑے معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا اور مشن کے تحت مختلف سکیموں کی بروقت عمل آوری پر زور دیا۔ان سکیموں میں پی ایم کے وی وائی2.0 اور سنکلپ شامل ہیں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کونسل کو جانکاری دی کہ نئے مقامی کارخانہ داروں کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے تا کہ وہ اپنی سماجی و اقتصادی صورتحال میں تبدیلی لاسکیں۔انہوں نے کہا کہ سکل مشن کو مزید فعال بنایا جانا چاہئے تا کہ ریاست کے نوجوانوں کو قابل روز زگار بنایا جاسکے