سکالر شپ میں توسیع کا مطالبہ

 
راجوری //راجوری میں پولیس نے بی پی ایل کنبوں پر لاٹھی چارج کی جن کی طرف سے غریب بچوں کے سکالر شپ فارم جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کی مانگ کی جارہی تھی ۔راجوری ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مرد و خواتین نے فارم جمع نہ ہونے پر تاریخ میں توسیع کی مانگ کی ۔اس دوران ان میں سے کچھ لوگ جویلائن جسٹس بور ڈ راجوری کے دفتر باہر جمع ہوئے اور انہوں نے پنجہ چوک سے منڈی سڑک بند کرکے گاڑیوں کی آمدورفت روک دی ۔انہوں نے حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ بہت بڑی تعداد میں بی پی ایل اور انتودیا کنبوں کو وقت پر سکیم کے بارے میں اطلاع نہیں دی گئی جس کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کے فارم جمع نہیں کرواسکے اس لئے اس تاریخ میں توسیع کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ اگر اس سکیم کا فائدہ غریبوں کو دیناہے تو تاریخ میں توسیع کی جانی چاہئے ۔احتجاج کی وجہ سے تمام ٹریفک رک گیا۔اس دوران ایس ایچ او راجوری طاہر خان کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی جس نے مظاہرین کو احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی تاہم انہوں نے اس سے انکار کردیا اور بتایاکہ حال ہی میں انہیں ایک دھرنے کے دوران پولیس نے مانگ پوری کرنے کا یقین دلایاتھاتاہم کچھ نہیںہوا۔بعد ازآں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر لاٹھی چارج کیا اور ڈیڑھ گھنٹے کے بعد ٹریفک کی نقل و حرکت بحال ہوئی ۔پولیس کی اس کارروائی کی مذمت کی جارہی ہے ۔ راجوری کے لوگوں کاکہناہے کہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے کوئی بھی سینئر افسرموقعہ پر نہیں گیا جو مظاہرین سے بات کرکے معاملہ حل کرتا اور پولیس کو بھیجاگیا جس نے غریب لوگوں پر لاٹھی چارج کرکے انہیں منتشر کیا ۔ان کاکہناتھاکہ یہ معاملہ بارہا انتظامیہ کے سامنے اٹھایاگیاجبکہ ارکان قانون سازیہ بھی اس سے بخوبی واقف ہیں تاہم تاریخ میں توسیع نہیں کی جارہی ۔