سڑک کی کشادگی سے پسیاں گر آنے کا عمل،انسانی جانوںاور رہائشی مکانوں کو خطرات درپیش

اوڑی/ /سرحدی قصبہ اوڑی میں سنیچر کو گینگل کے مقام پر مقامی لوگوں نے محکمہ باڈر روڈ آرگنائزیشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مہورہ اوڑی سے کنٹرول لائن پر واقع باز علاقے تک جانی والی سڑک کو کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمد ورفت کے لئے بند رکھا۔ مظاہرین کے مطابق محکمہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن نے مہورہ سے باز سڑک کی چوڑائی کے دوران حفاظتی بندھ تعمیر نہیں کئے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں پسیاں اور پتھر گر آنے کا عمل شروع ہو گیا اور گینگل میں درجنوں رہائشی مکانوں کے علاوہ انسانی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہاکہ کئی بار مہورہ اوڑی میں تعینات محکمہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے افسران کی نوٹس میں یہ معاملہ لایا گیامگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔احتجاج کے دوران محکمہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے ایک آفیسر نے معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کی جس کے بعدمظاہرین منتشر ہوگئے۔