گول؍؍ گول کے عوام نے الزام لگایا ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے گول سے سلبلہ روڈ پر محکمہ کی جانب سے ایک پُلی پر تعمیری کام شروع کیا گیا تھا ۔ پہلے اس پلی کو مکمل طو رپر اکھاڑ دیا گیا جس سے کئی گائوں کے رابطے منقطع ہو گئے تھے بعد میںانتظامیہ کی مداخلت کے بعد اس کو یک طرفہ کھول دیا گیا تھا ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ نے اس پر جونہی تعمیری کام شروع کر دیا تو بہت ہی ناقص انداز سے شروع کیا اور آج بھی اس پر ناقص تعمیری کام جاری ہے ۔ اس پلی میں محکمہ کی نگرانی میں ٹھیکیدار 90فیصد پتھر بھرتا ہے جو بل نکلتے ہی ڈھیر ہو جائے گی ۔ اس پلی پرتقریباً تین لاکھ روپے ٹینڈر ہوئے ہیں جس طرح سے اس پر ناقص تعمیری کام جاری ہے اور ٹھیکیدار اس کو صرف ایک لاکھ کے اندر ہی ختم کرنے پر تلا ہوا ہے ۔ ناقص تعمیر کے سلسلے میں جب ایس ڈی ایم گول سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے فرصت نہیں ہے اور بعد میں تحصیلدار گول سے رابطہ قائم کیا لیکن وہ بھی گول سے باہر ہی تھے اور ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی سے جب رابطہ قائم کیا تو وہ بھی ریاست سے باہر کسی ٹریننگ پر تھے، نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن سے رابطہ قائم کرنے کو کہا ۔اے ڈی رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس پر کارروائی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ناقص تعمیر کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی اور انہوں نے کل ہی ایک ٹیم جائے واقع پر بھیجنے کی یقین دہانی کرائی ۔ لوگوں نے انتظامیہ سے ناقص کام کرنے والوں کے کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔