سڑک حادثات کو کم کرنا حکومت کی ترجیح:جنرل سنگھ

یو این آئی

نئی دہلی// سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر مملکت جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر وی کے سنگھ نے کہا ہے کہ سڑک استعمال کرنے والوں کو محفوظ سڑک کا نظام فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور اس کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ قومی شاہراہوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ تمام راستوں پر بہتر ٹیلی کام نیٹ ورک فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سنگھ نے کہا کہ قومی شاہراہوں کو بہتر بنانے کے علاوہ حکومت تمام راستوں پر بہتر ٹیلی کام نیٹ ورک بھی فراہم کر رہی ہے۔ ان کی وزارت قومی شاہراہوں پر بلا تعطل موبائل فون نیٹ ورک کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ ٹیلی کام کے ساتھ رابطہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 4جی سروسز کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کو یقینی بنانے کے لیے موبائل ٹاور لگائے جا رہے ہیں اور 4جی کوریج کو ہر گاؤں تک بہتر طریقے سے پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے نیٹ ورک کو بھی اس کا براہ راست فائدہ ملے گا اور حادثات اور دیگر واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔