سڑک اور بجلی بند ،گلاب گڑھ کے لوگوں کا پیمانہ صبر لبریز

مہور//سب ڈویژن مہور کے گلابگڑھ علاقہ کے لوگوں نے آج انتظامیہ کے خلاف مظاہرے کئے۔مظاہرین کا کہنا تھا علاقہ میں دو ماہ سے بجلی سپلائی متاثر ہے اور گلابگڑھ سڑک بھی بند پڑی ہے جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ گلابگڑھ،برنسال،کیدورہ وغیرہ  علاقوںمیں بجلی نہیں ہے۔گزشتہ برفباری سے علاقہ میں ترسیلی تاریں اور کھمبے ٹوٹ گئے تھے جن کو ابھی تک بحال نہیں کیا گیا اور لوگ گھپ اندھیرے میں ہیں۔اسی طرح گزشتہ برفباری اور بارش سے مہور سے گلابگڑھ سڑک پر مختلف جگہوں پر پسی گر آنے کی وجہ سے سڑک بند ہوگئی جس کو ابھی تک بحال نہیں کیا گیا۔لوگوں نے بتایا کہ سڑک بند ہونے کی وجہ سے انہیں راشن،ادویات اور تیل خاکی کی شدید قلت پائی جارہی ہے۔لوگوں نے بتایا اگرچہ وزیر اعظم ڈیجیٹل انڈیا کی بات کرہا ہے اور یہ لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے بتایا اگرچہ لداخ جیسے علاقہ میں گورنمنٹ ہوئی جہاز کے ذریعے لوگوں تک سہولیات پہنچائی جاتی ہے تو گلابگڑھ کے لوگوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیوں کیا جاتا ہے۔لوگوں نے کہا الیکشن کے دوران مقامی لیڈران بلند بانگ دعوے تو کرتے ہیں لیکن یہ لوگ گزشتہ دو ماہ سے سڑک اور بجلی سے محروم ہیں لیکن کسی لیڈر نے ان کی خبر تک نہیں لی۔آخر میں پولیس پوسٹ گلابگڑھ کے انچارج غلام نبی موقع پر آئے اور لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مشکلات کو اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے۔