سرینگر// مہجور نگر رام باغ رابطہ سڑک گزشتہ دو سال سے خستہ حال ہونے کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مہجور نگر کے لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سال سے سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہے۔سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈ بن چکے ہیں جو بارشیں ہونے کے دوران جھیل کا منظر پیش کرتی ہے اوردھوپ ہونے پر چاروں طرف گرد و غبارسے پیدل چلنا بھی مشکل ہوتا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق اگر چہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ حکام کوکئی بار سڑک کی ناگفتہ بہ حالت کے بارے میں آگاہ کیا گیالیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر شوکت جیلانی پنڈت نے اس سلسلے میں کہا کہ سڑک پر میکڈم بچھانے کے سلسلے میں ٹینڈر نکالے گئے ہیں اور بہت جلد میکڈم بچھانے کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ادھرچاڈورہ ، پکھر پورہ اور تجن علاقے کی سڑکیں خستہ حال ہونے کی وجہ سے لوگوں کا عبور مرور دشوار بن چکا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق سڑکوں کی خستہ حالی کے بارے میں اگرچہ متعلقہ حکام سے کئی بار بات کئی گئی لیکن ان کی جانب سے خالی یقین دہانیوں کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہوا ۔ لوگوںنے کہا کہ سڑکوں کی مرمت کئی برس پہلے کی گئی ہے لیکن تب سے آج تک ان سڑکوں کی طرف کبھی مرمت بھی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے یہ سڑکیں اب کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں ۔
مشمولات سی این آئی