جموں//ریاسی ضلع سے تعلق رکھنے والے سینئرکے اے ایس آفیسر اور سپیشل سیکریٹری محکمہ خزانہ محمدصدیق گذشتہ روز حرکت قلب بندہونے کی وجہ سے رحلت فرماگئے۔موصوف 57 برس کے تھے اوران کی نمازجنازہ سوموارکے روز عیدگاہ ملک مارکیٹ میں پڑھائی گئی جس میں کثیرتعدادمیں لوگوں نے شمولیت کی۔ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سمیت ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں ،سیاسی وسماجی شخصیات نے محمدصدیق کی اچانک وفات پرگہرے صدمے کااظہارکرتے ہوئے سینئرافسرمحمدصدیق کے انتقال کو سماج کےلئے ناتلافی نقصان قراردیاہے۔
وزیراعلیٰ
ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سینئر کے اے ایس افسر اور سپیشل سیکرٹری خزانہ محمد صدیق شیخ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے، جو آج گذشتہ روز جموں میں انتقال کرگئے۔وزیر اعلیٰ نے مرحوم شیخ کو ایک محنت کش اور دیانتدار افسرقرار دیا جو اپنے افسران اعلیٰ اور ماتحتوں میں یکساں طور مقبول تھے۔انہوںنے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔
کے اے ایس آفیسرایسوسی ایشن
علاو ہ ازیں کے اے ایس آفیسر ایسوسی ایشن نے اپنے ایک سینئر ساتھی اور سپیشل سیکرٹری خزانہ محمد صدیق شیخ کی وفات پر گہرے صدمے اور دُکھ کا اظہار کیا۔ایک تعزیتی پیغام میں ایسو سی ایشن کے ممبران نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ایسو سی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ریاست بدقسمتی سے ایک دیانتدار افسر سے محروم ہو گئی ہے۔ایسو سی ایشن کے ممبران نے غمزدہ خاندان اور مرحوم افسر کے رشتہ داروں کے ساتھ تعزیت اور ہمددی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعائے مغفر ت کی۔
وزیرخزانہ
وزیر برائے خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے سپیشل سیکرٹری خزانہ اور سینئر کے اے ایس افسر محمد صدیق شیخ کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جو گذشتہ روز جموں میں انتقال کر گئے۔وزیر خزانہ نے مرحوم شیخ کو ایک شریف النفس ، محنت کش اور دیانتدار افسر قرار دیا ۔انہوںنے کہا کہ اُن کی وفات نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ محکمہ خزانہ کے لئے بھی ایک نقصان عظیم ہے۔وزیر خزانہ نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔
چیف سیکریٹری
چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے سینئر کے اے ایس افسر اور سینئر سپیشل سیکرٹر ی خزانہ محمد صدیق شیخ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے جو گذشتہ روزجموںمیں انتقال کر گئے ۔چیف سیکرٹری نے مرحوم شیخ کو ایک شریف النفس ، محنت کش اور دیانتدار افسر قرار دیا ۔انہوںنے کہا کہ اُن کی وفات نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ پوری ریاستی انتظامیہ کے لئے ایک عظیم نقصان ہے۔چیف سیکرٹری نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔
عبدالغنی ملک
نیشنل کانفرنس کے سینئرلیڈر اور سابق وزیر عبدالغنی ملک نے جواں سال کے اے ایس آفیسر اور محکمہ خزانہ کے سپیشل سیکریٹری محمدصدیق کی اچانک وفات پرگہرے افسوس کااظہارکیاہے۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم محمدصدیق ایک قابل آفیسراورانسان دوست شخص تھے۔ انہوں نے کہاکہ محمدصدیق کی وفات سے ریاسی ضلع کوخاص طورسے ناتلافی نقصان ہواہے۔ ملک نے متاثرہ کنبے کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اورلواحقین کےلئے صبرجمیل عطافرمانے کی دعافرمائی۔