سپورٹس کونسل کے سابق منیجر شکیل خان فوت | نمازجنازہ میں لوگوںکی بھاری شرکت

نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں کشمیر سپورٹس کونسل کے سابق منیجر شکیل احمد خان کا ہفتہ شام کو مختصر علالت کے بعدانتقال ہوا۔انہیں گزشتہ دنوں چھاتی میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا،جہاں انہوں نے ہفتہ کی شام کو آخری سانس لی اورابدی نیند سو گئے۔مرحوم کو آبائی قبرستان باغات برزلہ میں سپرد لحد کیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ حید پورہ میںادا کی گئی جہاں سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ مرحوم نے سپورٹس کونسل میں رہ کر وادی میں کھیل کے میدانوں کی آرائش اور انہیںبہتر بنانے میں اہم رول ادا کیاجبکہ پولو گرائونڈ اور غنی میموریل سپورٹ اسٹڈیم اس کی زندہ مثالیں ہیں۔ شکیل احمد خان کے انتقال پر کھیل کود سے وابستہ انجمنوں اور کھلاڑیوں نے انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انکی جانب سے کھیل کے میدانوں کی تعمیر اور انہیں بہتر بنانے میں رول ادا کرنے کی کاوشوں کی سراہنا کی۔مرحوم کشمیرعظمیٰ کے سینئر نامہ نگار اور انجمن اردو صحافت کے جنرل سیکریٹری بلال فرقانی کے پھپھیرے بھائی تھے۔ مرحوم کی فاتحہ خوانی پیرکی صبح10بجے آبائی قبرستان واقع باغات برزلہ میں انجام دی جائے گی۔