سپر اسٹار موہن لال کی وزیراعظم سے ملاقات، قیاس آرائیاں تیز

نئی دہلی//ملیالم فلمموں کے سپراسٹار موہن لال نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد ان کے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ فلم اسٹار کی یہ ملاقات پیر کو ہوئی۔ مسٹر مودی اور سپراسٹار دونوں نے ٹوئٹ کرکے اس کی اطلاع دی۔ دونوں کی ملاقات کے بعدقیاس آرائی کی جانے لگی ہے کہ مسٹر موہن لال آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوسکتے ہیں۔ مسٹر مودی نے فلم اسٹار سے ملاقات پر ٹوئٹ کرکے کہا کہ کل میری موہن لال جی کے ساتھ اچھی ملاقات ہوئی۔ ان کی عاجزی قابل تعریف ہے ۔ سماجی خدمت کے شعبہ میں ان کی وسیع پیمانہ پر کوششیں قابل ستائش اور ترغیب کا ذریعہ ہیں۔ بی جے پی کیرالہ میں پیر جمانے کی کوشش میں مصروف ہے اور اگر اسے موہن لال کا ساتھ ملے گا تو یہ پارٹی کے لئے 'ترپ کا پتہ' ثابت ہوسکتا ہے ۔ فلم اسٹار نے ٹوئٹر پر مسٹر مودی سے ملاقات کی تصویر شے ئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ نہایت فخر کی بات ہے کہ جنم اشٹمی کے مقدس موقع پر وزیراعظم سے ملاقات ہوئی اور عالمی امن فاونڈیشن کی مختلف سماجی سرگرمیوں کے تعلق سے انہیں واقف کرایا۔ وزیراعظم نے عالمی ملیالی کانفرنس میں شامل ہونے کی پیش کش کی اور ہرممکن حمایت دینے کا یقین دلایا ہے ۔ اس کانفرنس میں نئے کیرالہ کے مستقبل کا خاکہ طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے دفتر نے فاونڈیشن کے کینسر علاج مرکز کی تعمیر کے ہمارے منصوبے کی تعریف کی ہے ۔یو این آئی