سوگن شوپیان میں محاصرے کے دوران پتھرائواور شلنگ

پلوامہ//شوپیان کے سوگن علاقہ میں فوج کی طرف سے محاصرے کے دوران لوگوںنے خشت باری کی جس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے شلنگ کی۔اس دوران مقامی لوگوں نے فورسز پر توڑ پھوڑ کا الزام لگایا۔ بدھ کی شام شوپیاں کے سوگن علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی طلاع ملنے کے بعدفوج نے علاقے کومحاصرے میں لینے کی کوشش کی تاہم مقامی لوگوں نے مزاحمت کرتے ہوئے فوج پر سنگباری کی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے فورسز اہلکاروں پر چہار اطراف سے پتھرائو کیا گیاجبکہ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس کے گولے داغے۔ طرفین میں قریب ایک گھنٹے تک جھڑپیں جاری رہیں،جس کے بعد محاصرہ ختم کیا گیا۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ فورسز نے بستی سے جانے سے قبل زبردست توڑ پھوڑ کی اور مکانوں کی کھڑکیوں اور شیشوںکے علاوہ گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔