سوڈان میں سیلاب سے 11افراد ہلاک

 عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک

خرطوم//شمالی سوڈان کے شہر ابو حمد میں شدید بارش اور سیلاب کے باعث 11 افراد ہلاک اور 60 افراد زخمی ہو گئے۔شدید بارش اور سیلاب نے ابو حمد شہر اور اس کے آس پاس کے دیہات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے مکانات منہدم ہو گئے۔ گھروں کے ملبے میں پھنسے اور آفت میں لاپتاہونے والے لوگوں کی تلاش اور بچاو کی کوششیں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارش کی وجہ سے علاقے تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے جس کی وجہ سے نقصان کا مکمل تعین نہیں کیا جا سکا۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے اطلاع دی ہے کہ دریائے نیل پر ابو حمد کے پورے شہر کو متاثر کرنے والی شدید بارش اور سیلاب نے 86 خاندانوں کو بے گھر کر دیا۔ بیان میں بتایا گیا کہ سیلاب کے باعث 86 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے، کئی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ حکام کا کہناہے کہ متاثر ہ علاقے کے مکین اپنی جان بچا نے کے لیے محفوظ مقامات تلاش کررہے ہیں۔ حالات کی شدت اور بروقت امدادی کارروائی نہ ہونے کے باعث نقصانات اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔