سوچھ بھارت مشن کی پیش رفت کاجائزہ

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان نے آفیسران کی ایک میٹنگ میں ’سوچھ بھارت مشن‘ کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کے علاوہ دیگر کئی آفیسران بھی موجود تھے جب کہ وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میںشرکت کی۔ترقیاتی کمشنروں نے اپنے متعلقہ اضلاع میں ایس بی ایم کے تحت حصولیابیوں اورپیش رفت کے بارے میں میٹنگ میں جانکاری دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سرینگر اورلیہہ اضلاع پہلے ہی کھلے میں رفع حاجت کی بدعت سے پاک ہیں جب کہ کپوارہ ،کولگام،اننت ناگ،شوپیان اوربارہمولہ میں 60فیصد تک بیت الخلأ تعمیر کئے جاچکے ہیں۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے ایس بی ایم کے تحت جاری سکیموں کے بارے میں عام لوگوں کو دی جارہی جانکاری کے سلسلے میں بھی آفیسران سے معلومات حاصل کیں۔