سوچھتا ہی سیوا ابھیان

سرینگر//مکانات اور شہری ترقی و سماجی بہبود کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کل سوچھتا ہی سیوا مہم کی ایک کڑی کے طور پر ڈل اور نگین جھیلوں سے گھاس پھوس ہٹانے اور کوڑا کرکٹ جمع کرنے کی مہم کا آغاز کیا ۔ چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، کمشنر سیکرٹری مکانات ، وی سی لاوڈا ، ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ لاوڈا کے اشتراک سے چلائی جانے والی اس مہم کی بدولت آبی ذخائیر سے گھاس پھوس نکالنے اور ان ذخائیر کو تحفظ دینے میں کافی مدد ملے گی ۔ مزید بتایا گیا کہ لاوڈا اس وقت 10 کلو میٹر جھیل کے دائرے پر کام کر رہا ہے اور 15 ستمبر سے 2  اکتوبر تک مہم کے دوران دو مربع میل سے گھاس پھوس نکالی جا رہی ہے ۔ وزیر موصوفہ نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان آبی ذخائیر کو تحفظ دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں کیونکہ ان کے ساتھ کشمیر کی شناخت وابستہ ہے ۔ انہوں نے متعلقہ محکمے سے کہا کہ وہ جھیل کے اندرونی حصوں کی طرف خصوصی توجہ دیں ۔ مزدوروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزدوروں سے کہا کہ وہ وی سی لاوڈا کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے پانچ نمائیندوں کو نامزد کریں تا کہ اس ضمن میں مناسب  فیصلہ لیا جا سکے۔