تھنہ منڈی //ماڈل بوائز ہائراسکینڈری سکول تھنہ منڈی سوچھتا ہی سیوا پروگرام کے تحت زون سطح کے مصوری مقابلے کروائے گئے جن میں اول ، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو انعامات سے نوازاگیا۔بہترین کارکردگی پیش کرنے والے طلباء کو ریاستی سطح کے مقابلوں میں شمولیت کا موقعہ فراہم ہوگا۔ یہ پروگرام چیف ایجوکیشن افسر راجوری کی ہدایت پر منعقد ہواجس میں زون کے تمام سرکاری سکولوں کے طلباء نے حصہ لیا ۔ اس مقابلے میں گرلز ہائراسکینڈری سکول پلانگڑھ کی سلمہ کوثر کو اول پوزیشن ملی جبکہ گرلز ہائر اسکینڈری سکول تھنہ منڈی کی سعدیہ کوثر کو دوسری اور ماڈل ہائراسکینڈری سکول تھنہ منڈی کے شہزاد احمد کو تیسری پوزیشن ملی ۔اس مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کو ضلع سطح کے مقابلوں کیلئے منتخب کیاجائے جنہیں پھر سے کامیابی کی صورت میں ریاستی سطح پر اپنی قابلیت کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ مل سکتاہے ۔ دریں اثناء بلاک ڈیولپمنٹ افسر تھنہ منڈی اور محکمہ تعلیم کے افسران کی طرف سے ایک بیداری ریلی نکالی گئی ۔ریلی میں ایس ڈی ایم تھنہ منڈی محمد افضل مرزا ، ایس ڈی پی او افتخار احمد چوہدری ، ایگزیکٹو افسر میونسپل کمیٹی کبیر احمد ملک و دیگر افسران و سکولوں کے سربراہان نے بھی حصہ لیا ۔ یہ ریلی ماڈل بوائز ہائراسکینڈری سکول تھنہ منڈی سے شروع ہوکر شاہدرہ موڑ سے ہوتے ہوئے بابا لطیف اور شال مارکیٹ سے گزر کر مڈل سکول تھنہ منڈی میں اختتام پذیر ہوئی ۔ اس دوران طلباء نے ہاتھوں میں بینر اٹھارکھے تھے جن میں صفائی ستھرائی کے بارے میں نعرے درج تھے ۔ ایس ڈی ایم تھنہ منڈی نے طلباء کو صفائی ستھرائی کے فوائد کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا لازمی ہے ۔
سوچھتا ہی سیوا۔2018
