سوپور کے نامور عالم دین مولانا محمد علی میر فوت

سوپور//شمالی قصبہ سوپور کے معروف عالم دین اور انجمن ائمہ مساجد کے نائب صدر اور مسجد مظفر اقبال نگر سوپور کے امام وخطیب مولانا محمد علی میربدھوار کی شام کو حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوئے۔ موصوف عالمی شہرت کے دینی ادارے جامع اسلامیہ ڈابھیل گجرات کے فارغ التحصیل تھے اور نیوکالونی سوپور میں 14برس تک مقامی مسجد کے امام و خطیب رہے۔ موصوف گزشتہ 3برسوں سے مسجد اقبال میں امامت و خطابت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ مقامی لوگوں کے مطابق موصوف بدھ کے روز نماز مغرب کی امامت کا فریضہ انجام دینے کے بعد جب گھر پہنچے تو ان پر دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں فوراً ہسپتال لے جایاگیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔ موصوف کی نماز جنازہ مزار شہدا ء اقبال مارکیٹ سوپور میں جمعرات صبح 10.30 بجے ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ بعدازاں مرحوم کو ان کے آبائی علاقہ بہرام پورہ سوپور میں سپرد خاک کیاگیا۔