سوپور+سرینگر // وارہ پورہ سوپور میں جنگجوئوں نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ایس پی اور اور ایک شہری ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار شدید طور پر مضروب ہوا۔ادھر چاڑورہ میں فوج کی گشتی پارٹی پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین میں شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا۔وارپورہ سوپور میں بدھ کی شام پولیس پارٹی پر جنگجوئوں نے شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس پی او وجاہت اللہ، شہری عمر سبحان وگے اور شوکت احمد کھانڈے نامی پولیس اہلکار شدید طور پر زخمی ہوئے۔انہیں فوری طور پر اسپتال لیجانے کی کوشش کی گئی جہاں راستے میں ہی ایس پی او وجاہت اللہ دم توڑ بیٹھا جبکہ شہری عمر سبحان وگے ولد محمد سبحان ساکن وارپورہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ اس واقعہ پر شوکت احمد کھانڈے نامی ایک اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا۔ اسکی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔دونوں پولیس اہلکار واگورہ کے رہنے والے ہیں۔واقعہ کے بعد گائوں میں افراتفری مچ گئی اور فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کیخلاف کارروائی شروع کی۔ادھر زینی پورہ ڈونی وارہ چاڑورہ میں بدھ کی شام 50آر آر کی ایک گشتی پارٹی پر جنگجوئوں نے ایک نالے کے نزدیک فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو قریب 10منٹ تک جاری رہا۔ اسکے فوراً بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا اور فورسز کی کمک طلب کی گئی۔ لیکن بعد میں طرفین کے درمیان رات دیر گئے تک گولیوں کا تبادلہ نہیں ہوا۔علاقے میں محاصرہ سخت کرلیا گیا ہے اور جنگجوئوں کو تلاش کیا جارہا ہے۔