سوپور میں نقلی بندوق کی نوک پر چوری کی واردات

سوپور // سوپور میں نقاب پوش لٹیروں نے نقلی بندوق کی نوک پردوران شب ایک کنبے کو ڈرا دھمکا کر نقدی اور ایک موبائل فون اڑالیا اوررات کی تاریکی میںجائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ واقعہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کواُس وقت پیش آیا جب فوجی وردی میں ملبوس چند نقاب پوش افراد نقلی بندوق لیکر محمد الطاف جاناوار ی ولد غلام قادر جاناواری ساکن المدار محلہ کرانکشون سوپورکے گھر میں داخل ہوئے۔نقاب پوش افرادنے مذکورہ کنبے کو یرغمال بنا کر 51800روپے نقدی کے علاوہ ایک قیمتی موبائل فون اڑالیا اور جائے واردات سے فرار ہوئے ۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ لٹیروں نے فوجی وردی پہنی تھی اور ایک کالے رنگ کی بندوق ساتھ تھی جو وہ فرار ہونے کے دوران وہیں چھوڑ گئے جس کے بعد انہیں پتہ چلا کہ وہ ایک نقلی بندوق تھی ۔ پولیس ذرائع نے واقع کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے ۔