سوپور میں منشیا ت فروش گرفتار

 سرینگر//منشیات اور نشیلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے سوپور پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران محمد شفیع لون ولد عبدالرشید لون کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے 3ہزار نشیلی ادویات کی ٹکیاں برآمد کرکے ضبط کیں۔ ناکہ چیکنگ پر موجود آفیسران نے موٹرسائیکل زیر نمبر JK05F-3674کو بھی تحویل میں لے لیا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس گرفتار شدہ منشیات فروش کے دو ساتھیوں جن کی شناخت ارشد فاروق لون ولد فاروق احمد اور مظفر احمد شاہ عرف نند شاہ ولد محمد سلطان شاہ کے بطور ہوئی کوشدو مد سے تلاش کر رہی ہے جنہوں نے ناکہ چیکنگ کے دوران فرار کی راہ اختیار کی ۔ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 112/2019کے تحت پولیس اسٹیشن سوپور میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں تاکہ اس بدعت کا قلع قمع کیا جاسکے۔پولیس کی جانب سے منشیات اور نشیلی ادویات کے خلاف چلائی جا رہی مہم کامقصد لوگوں کو منشیات سے پاک ماحول فراہم کرنا مقصود ہے۔منشیات فروش سماج کیلئے ناسور بن چکے ہیں لہذا اس بیماری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہر ایک کو اپنا دستِ تعاون پیش کرنا چاہئے تاکہ نوجوان نسل کو بری عادتوں میں مبتلا ہونے سے دور رکھا جاسکے۔