سوپور میں معمولات ٹھپ،جنگجو کی ہلاکت پر پتھرائو و شلنگ

 سوپور+ترال//سگی پورہ ہندوارہ میں جمعرات کی شب گل آباد آرم پورہ سوپور کے نصیر احمد تیلی نامی جنگجو کی ہلاکت پر سوپور میں جمعہ کو  بندشوں کے بیچ احتجاجی ہڑتال رہی جس کے دوران تشدد آمیز جھڑپیں بھی ہوئیں۔جنگجو کی نماز جنازہ میں لوگوں کی ایک بھاری تعداد شریک ہوئی اور انہیں سپرد لحد کیا گیا۔اس دوران ترال اور پانپور کے علاوہ آرای زام بیروہ میں جنگجوئوں کی ہلاکتوں پر ہڑتال سے معمولات متاثر رہے۔سگی پورہ ہندوارہ میں فوج کی 7سیکٹر نے ناکہ لگایا  تھا،جس دوران یہاں سے گزرنے والی گاڑی کو رُکنے کا اشارہ کیا گیا ،تاہم گاڑی میں سوار مسلح افراد نے ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا ۔بعد ازاں رات 2بجے جاں بحق جنگجو نصیر احمد کی نعش اہلخانہ کو سونپ دی گئی ۔جاں بحق جنگجو کی نماز جنازہ جمعہ کی صبح 10بجے آبائی علاقہ چنکی پورہ سوپور میں ادا کی گئی ۔ جنگجو کے جلوس ِ جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔اس دوران جاں بحق جنگجو کے جلوس جنازہ پر ٹیر گیس شلنگ بھی کی گئی ۔قصبہ میں ہڑتال رہی جبکہ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے پورے قصبہ میں سخت ترین بندشیں عائد کی گئیں ۔اس دوران سوپور میں تعلیمی ادارے بند رکھے گئے اور تیز رفتار انٹر نیٹ کی خد مات منقطع کردی گئیں ۔اس دوران جنگجو، جوکہ ایک ماہ قبل جنگجوئوں کی صف میں شامل ہوا تھا ،کی ہلاکت پر قصبہ سوپور اُبل پڑا ،جس دوران کئی مقامات پر مشتعل مظاہرین اور فورسز کے درمیان ٹکرائو ہوا ۔پولیس نے جلوس جنازہ پر آرمپورہ میں شلنگ کی ،جس دوران یہاں تشدد بھڑک اٹھا ۔نوجوانوں نے مشتعل ہو کر فورسز پر پتھرائو کیا جبکہ جوابی کارروائی میں فورسز نے ٹیر گیس شلنگ کی ۔یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔جاں بحق جنگجو چنکی پورہ میں واقع مزار شہداء میں جذباتی مناظر کے بیچ سپرد لحد کیا گیا ۔ادھرترال اور پانپور کے جنگجوئوں کی ہلاکت کے خلاف دونوں قصبوں میں ہڑتال جاری ہے اس دوران دونوں علاقوں میںمعمولات  زندگی بری طرح متاثر رہی ۔ ہڑتال کی وجہ سے دونوں قصبوں میں تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارے و کار باری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب رہا ۔قصبہ ترال میں سوموارکودو جیش جنگجو شوکت احمد خان ساکن ہندورہ ترال اور ان کا غیر ملکی ساتھی عثمان حیدر ساکن پاکستان کی ہلاکت کے خلاف قصبے میں مسلسل تیسرے روز مکمل ہرتال رہی ۔ادھر وسطی ضلع بڈگام کے آری زال میں پانپور کے درنگ بل علاقے سے تعلق رکھنے والا محمد امین میر ولد غلام روسول میر جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوا،جسکی ہلاکت کے خلاف قصبے میں جمعہ کو دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی ۔ قصبے میں تمام سرکار و غیر سرکاری کار باری ادارے بند رہنے کے علاوہ معمولات کی سرگرمیاں بری طرح متاثر رہیں۔ادھر آری زال بیروہ میں بھی مقامی جنگجو کی ہلاکت پر تعزیتی ہڑتال رہی۔