سوپور میں محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج

سوپور//شمالی کشمیر کے سوپور کے ڈانگر پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے سنیچر کو محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے خلاف مظاہرہ کیا اور الزام عائد کیا کہ متعلقہ محکمہ علاقے کے لوگوں کوپینے کا پانی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔مظاہرے میں شامل لوگ محکمہ پی ایچ ای کے خلاف سخت نعرہ بازی کے دوران پانی کی سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ مظاہرین نے بتایا کہ وہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے پچھلے کئی سال سے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ ادھر محکمہ پی ایچ ای کے افسران نے بعد میں علاقے کے لوگوں کو پانی کی سپلائی کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ افسران نے بتایا کہ علاقے میں بہت جلد نئی پائپ لائن نصب کی جائے گی ۔