سوپور میں صراف پُراسرار طور پرلاپتہ

 سوپور //چھوٹا بازار میں واقع ایک سنیارا گزشتہ چار روز سے اپنے دکان سے لاپتہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے لواحقین میں تشویش پائی جارہی ہے۔ 32سالہ طارق احمد ملک ولد غلام رسول ساکن کلاروس کپوارہ حال مسلم پیر سوپور جو کہ چھوٹا بازار میں زیورات (کیرٹ لائن شاپ) چلا رہاہے، 26دسمبر کو شام کے وقت اپنی دکان بند کرنے کے بعد لاپتہ ہوا اور آج تک اس کا کچھ پتہ نہیں چل پایا ہے۔اس کی تصدیق گولڈ سمٹ ایسوسی ایشن سوپور کے صدر فردوس احمد خان نے کہا کہ طارق ملک کے گھر والوں اور ہم نے اسے بہت ڈھونڈنے کی کوشش کی مگر اس کا پتہ ہی نہیں چل پایا ہے۔ فردوس خان نے کہا کہ پولیس سٹیشن سوپور میں کیس درج کر وایا گیاہے اور پولیس نے ٹریڈرس فیڈریشن کی سربراہی میں دکان کھولاگیا اور اس کا معائنہ کیاگیا تو وہاں موجود صندوق میں سونے کے خالی ڈبے پائے گئے جبکہ دکان میں سارا سونا بھی غائب پایا گیا۔فردوس خان نے کہا کہ طارق ملک نہایت ہی ایماندار شخص ہے اور وہ بیوپاریوں سے سونا نقدی دیکرلیتا تھا۔ اس بارے میںٹریڈرس فیڈریشن سوپور کے صدر حاجی محمد اشرف نے کہا کہ دکاندار کے لاپتہ ہونے کا خدشہ یہ ہے کہ اسے لٹیروں نے مال سمیت اٹھایا ہے چونکہ اس کی دکان میں لاکھوں کا سامان اور نقدی بھی تھا۔انہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ دکاندار کوبازیاب کرنے کےلئے اقدام کریں۔