سوپور میں جنگجوﺅں کے حملے میں2پولیس اہلکار،2شہری ہلاک،3دیگرزخمی

سرینگر//شمالی ضلع بارہمولہ کے سوپور میں سنیچر کو جنگجوﺅں نے پولیس اور فورسز کی ایک مشترکہ پارٹی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اور دو عام شہری ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔یہ واقعہ سوپور کے مرکزی چوک میں پیش آیا۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق اس حملے میں کم سے کم سات افراد زخمی ہوگئے جن میں چار اہلکار اور تین شہری شامل تھے۔
حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کے این او نے لکھا کہ زخمیوں کو سب ضلع اسپتال سوپور پہنچایا گیا جہاں دو پولیس اہلکاروں اور دو عام شہریوں کو مزردہ قرار دیا گیا۔
تین زخمیوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور اُن میں دو اہلکار اور ایک شہری شامل ہیں۔
اسپتالی ذرائع نے دو اہلکاروں اور دو شہریوں کی ہلاکت اور تین کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل اطلاعات کے مطابق جنگجوﺅں نے پولیس اور فورسز کی ایک مشترکہ پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے گولیاں چلائیں ۔جنگجوﺅں کے حملے کے جواب میں پولیس اور فورسز اہلکاروں نے بھی گولیاں چلائیں جس سے وہاں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا اور لوگ گھبراہٹ کے عالم میں ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔
 اطلاعات کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔