سوپور میںٹریفک جام سے نجات کی کوشش | پولیس اور میونسپل کونسل نے تجاوزات ہٹائے

 سوپور //شمالی قصبہ سوپور میں میونسپل کونسل اور پولیس نے مشترکہ طور ٹریفک کی نقل و حرکت میں بہتری لانے کیلئے سڑکوں سے تجاوزات ہٹائے۔ایس ایچ او سوپور عازم خان نے اس مہم کی قیادت کی ۔انہوںنے بتایا کہ قصبے کی سڑکوں پر بنیادی طور پر چھاپڑی فروشوں نے قبضہ جمایا تھا اور سومو اسٹینڈبھی غیر قانونی طورڈھیرہ ڈال چکے تھے جس سے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاتھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل قصبہ میں کچھ مناسب جگہیں طے کی گئی تھیں تاکہ ٹریفک جام سے نجات مل سکے لیکن لوگوں کی ان سنی کی وجہ سے ٹریفک جام بدستور جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قصبے میں اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس نے میونسپل کونسل اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر اقدامات کئے ۔میونسپل حکام کے مطابق چھاپڑی فروشوں کے لئے مخصوص جگہوں کا انتخاب کیاگیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی بہت سے افراد ابھی بھی سڑکوں پر نظر آتے ہیں۔ چھاپڑی فروشوں کو متنبہ کیا گیا کہ اگروہ دوبارہ خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تو اُن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔