سوپور میںدرمیانی شب نقب زنی کی تازہ واردات

 سوپور// شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور کے اقبال مارکیٹ ، شاہ فیصل مارکیٹ اور جنرل بس اسٹینڈ مارکیٹ میں 28 اور 29 ستمبر کی درمیانی رات کو نقب زنوں نے ایک درجن دکانات میں نقب لگاکر لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان اڑا لیا۔ ان دکانوں کے شٹر توڑدئے گئے ہیںجبکہ کئی دکانوں میںآگ لگانے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا ہے۔اس سلسلے میں ٹریڈرس فیڈریشن سوپور کا ایک وفد صدر حاجی محمد اشرف گنائی کی قیادت میں ایس ایس پی سوپور سے ملاقی ہوا اور نقب زنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ وفد نے ایس ایس پی سوپور کو قصبہ میں بڑھتی ہوئی نقب زنی کی وارداتوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قصبہ میں کاروباری حلقہ  ان وارداتوں سے کمزور ہو چکا ہے اور سوپور انتظامیہ کوئی کارگراقدام کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ چوری کی وارداتوں کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ نقب زنوں نے ہلال احمد ، عبدالقیوم ،فردوس احمد میر ،مشتاق احمد ،عبدالرشید نائکو  ،فاروق احمد بٹ ،حاجی عبدالرحمان ،بشیر احمد ،خضرمحمد ڈار ،جنرل بس اسٹینڈ میں جاوید احمد ، فاروق اینڈکو اور آزاد احمد کی دکانوں کے شٹر توڑ کر نقب لگائی ہے اور لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان اور نقدی اڑاکر لے گئے ہیں۔