سوپور // وارپورہ سوپور میں جمعرات کی شام سے جاری جھڑپ کے دوران 2جنگجو جاں بحق جبکہ 4رہائشی مکان تباہ ہوگئے۔پولیس کے مطابق حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ جنگجوشمالی کشمیر کے میر محلہ وار پورہ سوپور علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں۔اسکے بعد 22آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی۔ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجوئوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔اس جھڑپ میں دو جنگجو ہلاک ہوئے۔سیکورٹی فورسز نے جائے جھڑپ پر 2شدت پسندوں کی نعشیں برآمد کیں۔معلوم ہوا ہے کہ جھڑپ کے دوران محمد مقبول وار، محمد اکبر وار،محمد رمضان وار اورشوکت احمد نجار کے 4رہائشی مکان مکمل طور پر تباہ ہوئے ۔مہلوک جنگجو ئوں میں سے ایک کی شناخت مقامی جنگجو طاہر احمد وار عرف طاہر مولوی کے طور پر ہوئی ہے جبکہ ایک کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ غیر ملکی ہے۔طاہر مولوی ولد عبدالملک وارپچھلے سال ماہ رمضان میں جنگجوئوں کی صف میں شامل ہوا تھا۔واضح رہے کہ جمعرات کی سہ پہر جب یہاں معرکہ آرائی شروع ہوئی تھی تو جنگجوئوں کے حملے میں ایس ایچ او ڈنگی وچھہ اور اسکا ذاتی محافظ زخمی ہوئے تھے۔ دریں اثناء مقامی جنگجو کی لاش شام دیر گئے اُن کے لواحقین کے حوالے کی گئی جس کے بعد اُنہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ اُس کے نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔
سوپور تصادم آرائی ختم، 2جنگجو جاں بحق
