سرینگر// نیم فوجی دستے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے انسپکٹر جنرل راجیش یادو نے اتوارکو کہا کہ فورسز کے تمام ادارے اور ایجنسیاں ہفتے کے روز ہونے والے حملے کی ذمہ دار جنگجو تنظیم کے بارے میں کام کررہے ہیں اور اس کا بدلہ جلد لیا جائے گا۔ سرینگر کے ہمہما مہ سی آر پی ایف سینٹرمیں سوپور حملے میں گزشتہ روز ہلاک شدہ اہلکاروں کو گلہائے عقیدت ادا کرنے کی ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ، آئی جی سی آر پی ایف کشمیر (آپریشنز) نے کہا کہ سی آر پی ایف پورے کشمیر میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کررہی ہے اور کل ، سی آر پی ایف کے179 بٹالین کے جوان اسی کام پر تعینات تھے۔ان کا کہنا تھا’’لاک ڈاؤن کا نفاذ پورے کشمیر میں کیا جارہا ہے اور ہمارے اہلکار عسکریت پسندوںسے لڑنے کے علاوہ اس میں بھی مصروف ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ وہ کل آئی جی پی کشمیر وجے کمارکے ساتھ سوپور میں اس مقام پر گئے جہاں یہ حملہ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں مشترکہ طور پر اس حملے کے پیچھے کچھ نکات پر کام کر رہی ہیں اور’’بہت جلد انتقام لیا جائے گا اور اس حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا لاک ڈاؤن کو نافذ کرنے اور کرونا وائرس بائی مرض کا مقابلہ کرنے سے انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیوں پر اثر پڑا ؟ تو، آئی جی سی آر پی ایف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں کئی کامیاب کاروائیاں انجام دی گئیں جن میں پلوامہ اور شوپیان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ،’’یہ ہماری ذمہ داریاں ہیں اور ہم اپنی تمام ذمہ داریوں کو پیشہ ورانہ انداز میں نپٹنے کے اہل ہیں۔‘‘یہ پوچھے جانے پر کہ حملے میں کون سی تنظیم ملوث ہے؟ ، آئی جی سی آر پی ایف راجیش یادونے کہا کہ’’سیکورٹی ایجنسیاں مشترکہ طور پر کچھ خاص مقاصد پر کام کر رہی ہیں اور جلد ہی بدلہ لیا جائے گا ۔‘‘انہوں نے کہا کہ گذشتہ 30سالوں سے کشمیر میں عسکریت پسندی جاری ہے اور سی آر پی ایف سمیت تمام سیکیورٹی ایجنسیاں اس سے پیشہ ورانہ انداز میں نمٹ رہی ہیں۔یاد رہے کہ ہفتے کے روز شام کے وقت ، شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سوپور میں واقع احداب کراسنگ پر جنگجوؤں نے179 بٹالین سی آر پی ایف اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں ہیڈ کانسٹیبل سمیت دو سی آر پی ایف اہلکارہلاک اور دو کانسٹیبل زخمی ہوگئے۔ کانسٹیبل ڈرائیو کا علاج92 بیس اسپتال سری نگر میں کیا جارہا ہے ، جہاں اسکی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
سوپورحملے کابدلہ لیا جائے گا:آئی جی سی آر پی ایف | مہلوک سی آرپی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب
