سوپور+سرینگر//پولیس نے منشیات مخالف مہم کوششوں کے دوران سوپور، اونتی پورہ، پلوامہ اور کولگام میں 10 افراد کو گرفتار کیااور ان کے قبضے سے ممنوعہ اشیاء کو برآمد کرلیا۔سوپور میں پولیس چوکی وارپورہ کی پولیس پارٹی نے ایک ناکے پر ڈیوٹی کے دوران ایک شہری کو گرفتار کیا جب وہ وارپورہ علاقے میں مشکوک حالات میں گھوم رہا تھا۔گرفتار کئے گئے شہری کی شناخت بلال احمد راتھر ساکن ڈانگر پورہ سوپور کے طور پر کی گئی ہے اور اس کے قبضے سے نشیلی کیپسول 672 برآمد ہوئے ۔اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آر نمبر 52/2022 کے تحت مقدمہ پولیس اسٹیشن سوپور میں درج کیا۔اسی طرح پولیس نے بتایا کہ 21 مارچ 2022 کو دیر شام گئے چنکی پورہ علاقے میں ایک ناکے کی چیکنگ کے دوران 2افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے سائیکوٹرپک برآمد کیا۔ پولیس اسٹیشن سوپور کی ایک ٹیم نے دو افراد کو گرفتار کیا اور ان کی ذاتی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے نشیلی کیپسول 840 برآمد ہوئے۔ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ سوپور کے کچھ عادی افراد نے ان سے منشیات پہنچانے کے لیے رابطہ کیا تھا۔اس کے مطابق ایف آئی آر نمبر 51/2022 سیکشن 8/22، 29 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت تھانہ سوپور میں درج ہے۔ادھر اونتی پورہ میں مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے،پانپور تھانہ کی ایک پولیس پارٹی نے ایس ایچ او کی سربراہی میں پتل باغ پانپور میں قائم ایک خصوصی چوکی پر 2 مشکوک افراد کو روکا جن کی شناخت عادل میر اور عادل احمد بٹ ساکنان پانپور کے طور پر کی گئی۔ دوران چیکنگ ان کے قبضے سے 4 کلو گرام بھنگ برآمد ہوئی۔کولگام میںپولیس نے چٹہ بل کراسنگ پر قائم ایک چوکی پر گاڑی کو روکا جس کا رجسٹریشن نمبر PB10GZ-3462 تھا۔ دوران چیکنگ بدھ سنگھ ولد بلبیر سنگھ سکنہ لدھیانہ پنجاب (ڈرائیور) اور منجیت سنگھ ولد نرمل سنگھ سکنہ نواں شہر پنجاب کے قبضے سے 2 بارود کے تھیلے جس میں 17 کلو گرام پوست بھوسا جیسا مادہ موجود تھا۔اسی طرح یمراچ میں قائم ایک اور چوکی پر بہی باغ تھانہ کی ایک پولیس پارٹی نے ایک موٹر سائیکل کو روکا جس کا رجسٹریشن نمبر JK05-7926 تھا جسے امتیاز احمد پال ساکن ریبن شوپیاں چلا رہا تھا۔ چیکنگ کے دوران تھیلے میں چھپائی گئی 16 کلو گرام پوست کی بھوسے برآمد ہوئی۔دریں اثنا پلوامہ میں، ایک خفیہ اطلاع پر راجپورہ کی ایک پولیس پارٹی نے چیکِ بدری ناتھ راج پورہ میں قائم ایک چوکی پر ایک گاڑی کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے جس کا رجسٹریشن نمبرJK01V-9211تھا۔ ان کی شناخت جاوید احمد متو اور نثار احمد داس ساکن بجبہاڑہ ہوئی ہے ۔ دوران چیکنگ گاڑی سے 6 کلو پوست کا بھوسا برآمد ہوا۔تمام افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ۔ اس کے علاوہ جرائم میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
ہندوارہ میں پولیس کی جانب سے منشیات مخالف ریلی
اشرف چراغ
کپوارہ // ہندوارہ میں پولیس نے منشیات مخالف ریلی کا انعقاد کیا اور اس ریلی کا مقصد سماج میں منشیات کی لعنت کو ختم کرنے اور اس کے مضر اثرات سے متعلق لوگو ں کو جانکاری فراہم کرنی تھی ۔اس موقع پر لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور پولیس کی منشیات مخالف ریلی میں شرکاء نے ہاتھو ں میں پلے کارڈ اٹھائے تھے جس میں منشیات مخالف نعرے درج تھے ۔ یہ ریلی پولیس تھانہ سے شروع ہوکر قصبہ ہندوارہ سے ہوتے ہوئے نیو بس اسٹینڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ایس ایچ او ہندوارہ پرویز احمد وانی کر رہے تھے ۔لوگو ں نے پولیس کے اس رول کو سراہا اور کہا کہ ہر شہری کایہ فرض بنتا ہے کہ وہ پولیس کی جانب سے منشیات مخالف مہم کا ساتھ دے۔