سونیا گاندھی کے ساتھ کانگریس لیڈروں کی میٹنگ

نئی دہلی//کانگریس صدر سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر سنیچر کو پارٹی کے سینئر لیڈروں کی میٹنگ منعقد ہوئی ۔ جس میں کئی ایسے لیڈر شامل تھے جنہوں نے سرگرم قیادت اور جامع تنظیمی تبدیلی کے مطالبے کو لے کر خط لکھا تھا۔ میٹنگ میں غلام نبی آزاد، آنند شرما، منیش تیواری، ششی تھرور اور کئی دیگر لیڈر شامل تھے۔ یہ لیڈر خط لکھنے والے 23 لیڈروں میں شامل تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ سونیا گاندھی کے ساتھ ان لیڈروں کی ملاقات کرانے کا خاکہ تیار کرنے میں مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کا  اہم کردار ہے۔ کمل ناتھ نے کچھ دن پہلے بھی سونیا گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان لیڈروں کی سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد مصالحت کی گنجائش بڑ سکتی ہے۔ اس میٹنگ سے ایک دن پہلے جمعہ کو پارٹی کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ کانگریس کے 99.99 فیصدی لیڈروں اور کارکنان کا جذبہ ہے کہ راہل گاندھی ایک بار پھر سے پارٹی کی قیادت کریں۔