سونہ وار اور بٹہ مالو میں سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل

سرینگر// شہر کی سڑکوں کی مرمت اور ان پر تار کول بچھانے کے بیچ سونہ وار اور بٹہ مالو کے شہریوں نے الزام عائد کیا کہ انکے علاقوں میں سڑکوں کو ٹھیک نہیں کیا گیاہے۔ سونہ وار میں پالہ پورہ کے لوگوں نے بتایا کہ علاقے کی سڑک اس قدر خستہ ہوچکی ہے کہ اس پر عبور و مرور ناممکن ہوگیا ہے،جس کے نتیجے میں بچوں اور بزرگوں کے علاوہ بیماروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی شہری محمد اسلم نے بتایا کہ سڑک کی مرمت کیلئے با ضابطہ طور پر ٹینڈر بھی طلب کیا گیا اور لوگ بھی اس بات کی امید لگائے بیٹھے تھے کہ علاقے کی سڑک کی مرمت کی جائے گی تاہم موسم سرما کی آمد بھی ہوئی لیکن سڑک کی مرمت نہیں کی گئی۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر دیگر علاقے کے لوگوں کے ساتھ مبینہ طور ساز باز کرکے اس کام کو نزدیکی علاقے میں منتقل کرنے کا الزام عائد کیاہے۔ طاہر احمد ایک اور شہری نے کہا’’ نزدیکی علاقے سے تعلق رکھنی والی ایک خاتون کونسلر نے انکے علاقے کو نظر انداز کرکے اس سڑک کا کام بھی اپنے علاقے میں کرایا اور سونہ وار  کو نظرانداز کیاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ معاملہ انہوں نے میئر اور ڈپٹی میئر کے علاوہ متعلقہ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کی نوٹس میں بھی لایا تاہم ابھی تک زمینی سطح پر مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہیں اس بات کا علم ہے کہ اب موسم سرما میں سڑک کی نہ ہی اچھی طرح مرمت کی جاسکتی ہے اور نہ ہی تار کول بچھایا جاسکتا ہے تاہم حکام کو چاہے کہ وہ سڑک کی عارضی مرمت کا کام فوری طور پر ہاتھوں میں لیں۔ کنٹونمنٹ علاقے بٹوارہ کے لوگوں نے بھی خستہ حال سڑکوں کی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی اور ناہی تار کول بچھایا گیا۔ اقبال کالونی اندرا نگر کے لوگوں کی بھی یہی شکایت ہے کہ سڑکوں کی ابتر حالت نے انہیں مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ اہل بستی کا کہنا ہے کہ جہاں ان سڑکوں پر چلنے سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو کافی نقصانات پہنچتا ہے وہی موسم سرما میں برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں سڑکوں کے مسدود ہونے کے خدشات ہے۔ اس دوران فردوس آباد بٹہ مالو سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بھی بتایا کہ انکے علاقے میں سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ لین نمبر5میں امسال بھی ناہی مرمت کی گئی اور ناہی اس پر تار کول بچھایا گیا۔انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم سرما سے قبل ہی اس سڑک کی مرمت کرے تاکہ لوگوں کو سردیوں میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ادھر بٹہ مالو کے میر آباد کے لوگوں نے بھی اس طرح کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ امسال بھی انہیں مایوس کیا گیا۔ محکمہ تعمیرات عامہ نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کو کئی سڑکیں سپرد کی۔