سونہ مرگ کے بعد گلمرگ اور درنگ مقامی سیاحوں کیلئے بند

  بارہمولہ // انتظامیہ نے سونہ مرگ کے بعدگلمرگ کو بھی مقامی لوگوں کیلئے( سنیچر و اتوار ) ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ کووڈ کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سیاحتی مقامات کو مقامی لوگوں کیلئے سنیچر اور اتوار دو دن بند رکھا جائیگا۔ان دو دنوں کے دوران کسی بھی مقامی شخص یا گروپوں کو دن کے دوران گلمرگ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔البتہ غیر مقامی سیاحوں کو، جن کی پہلے سے یہاں ہو ٹلوں میں بکنگ ہوگی، کو ہی سنیچر اور اتوار کو جانے  کی اجازت ہے۔گلمرگ میں بغیر ماسک افراد پر 1000روپے جرمانہ عائد ہوگا۔اس سے ایک روز قبل اسی طرح کا ایک آرڈر ضلع مجسٹریٹ گاندربل نے سونہ مرگ کے لئے نکالا تھا۔ ادھربدھ کے روز پیش آئے المناک حادثے، جس میں 2طالبات نالہ فیروز پورہ ٹنگمرگ میں ڈوب گئیں، کے بعد سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے درنگ کو سیلانیوں کے لئے بند کردیا ۔تاہم دوکانداروں نے بتایا کہ پابندی سے ان کا روزگار متاثر ہو سکتا ہے ۔دکانداروں نے درنگ پاور پروجیکٹ کے نزدیک نالے کے گردونواح میں حفاظتی تار بندی کرانے کا مطالبہ کیا ۔ ایس ڈی ایم نے درنگ کا دورہ کرکے وہاں سیلانیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے انجینئروںسے رائے طلب کی تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہونے پائیں۔