سونہ مرگ کی طرف سیاحوں کوراغب کرنے کی پہل

کنگن//محکمہ سیاحت سونہ مرگ میں 8جنوری کو ایک فیسٹول منعقدکررہا ہے جس کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ امسال گلمرگ پہلگام کی طرح حکومت نے صحت افزا مقام سونہ مرگ کو موسم سرما کے دوران کھلا رکھنے کا اعلان کیاہے تاکہ وادی کشمیر کے دیگر سیاحتی مقامات کی طرح سیاح موسم سرما کے دوران سونہ مرگ کے برفیلی پہاڈوں سے لطف اندوز ہوسکیں اور موسم سرما کے دوران زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کیا جائے تاکہ سونہ مرگ میں روز گار کے زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا ہوسکیں ۔ سیاحتی مقام سونہ مرگ بھاری برفباری کی وجہ سے قریب پانچ ماہ تک بند رہنے کی وجہ سے یہاں سیاحتی شعبہ سے وابستہ لوگوں کا روزگار متاثر رہتا تھا اور سیاح موسم سرما کے دوران سونہ مرگ کی سیرو تفریح پر آتے تھے لیکن نومبر یا دسمبر میں بھاری برفباری کی وجہ سے سونہ مرگ کو آمدورفت کے لئے بند کیا جاتا تھا جس کی وجہ سے سونہ مرگ کی سیرو تفریح پر آنے والے سیاحوں کو سونہ مرگ سے 11کلو میٹر پہلے ہی گگن گیر کے مقام سے مایوس ہوکر واپس لوٹنا پڑتا تھا ، لیکن امسال سے حکومت نے موسم سرما کے دوران سونہ مرگ کو کھلا رکھنے کا اعلان کیا ہے اور یہاں پر تعینات محکمے جن میں سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ،محکمہ صحت ،پولیس ،محکمہ سیاحت، محکمہ جل شکتی ،محکمہ بجلی کو تعینات رکھا گیا ہے تاکہ موسم سرما کے دوران یہاں آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ذرائع نے بتایا کہ سونہ مرگ میں محکمہ سیاحت کی طرف سے 8جنوری کو ایک فیسٹول منعقد کیا جارہا ہے جس کے لئے جلد تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں سیکریٹری ٹورازم سرمد حفیظ نے بتایا کہ امسال سونہ مرگ کو موسم سرما کے دوران کھلا رکھنے سے قبل ہی سونہ مرگ ہوٹلیئرس کے ساتھ ایک میٹنگ کی گئی ، جس میں ہوٹلرس سے کہا گیا کہ وہ اپنے ہوٹلوں میں گرمی کا انتظام رکھے، تاکہ یہاں آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ امسال سونہ مرگ میں موسم سرما کے دوران جواہر انسٹچیوٹ آف ماٹینیئرنگ پہلی بار چھ اسیکنگ کورس کررہا ہیں اور محکمہ سیاحت بھی سلیج کورس کے علاوہ اور کئی سیکنگ کورس کرنے جارہا ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 8 جنوری کو سونہ مرگ میں ایک فیسٹول بھی منعقد کیا جارہا ہے تاکہ اس صحت افزا مقام کی طرف بھی زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو موسم سرما کے دوران راغب کیا جائے ۔واضح رہے کہ موسم سرما کے دوران سیاحتی مقام سونہ مرگ کو بھاری برفباری کی وجہ سے آمدورفت کے لئے بند کیا جاتا تھا جس کی وجہ سے سونہ مرگ کا رابطہ ضلع گاندربل کے ساتھ قریب پانچ ماہ تک منقطع رہتا تھا تاہم مرکزی سرکار نے سونہ مرگ کو موسم سرما کے دوران کھلا رکھنے کے لئے گگن گیر سے شتکڑی تک 2700 کروڈ روپے کی لاگت سے 2015 میں ٹنل کا کام شروع کیا  تاکہ سونہ مرگ کو سال بھر کھلا رکھا جائے ذرائع نے بتایا کہ شدید برفباری کی وجہ سے سونہ مرگ سڑک کے چار مقامات جن میں ہنگ حاجی قبر شامل ہے، میں بھاری برکم برفانی تودے گرآتے ہیں جس سے اکثر ان مقامات پر جانی نقصان کا خطرہ رہتا تھا اور اسی لئے سونہ مرگ سڑک کو موسم سرما کے دوران بند کرنا پڑتا تھا ۔