سونہ مرگ میں سڑک حادثہ،کار سوار لقمہ اجل

کنگن//سونہ مرگ میں سڑ ک کے ایک دلدوز حادثے میں پانچ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک زخمی اسپتال پہنچانے کے دوران راستے میں دم توڑ بیٹھا ۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق صحت افزاء مقام سونہ مرگ میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ہوٹل اکبر کے نزدیک ایک سینٹرو کار زیر نمبر 2835/JK01Nاور ایک ٹرک زیر نمبر 6334/JK15کے درمیان شدید ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں سینٹرو کار میں سوار پانچ افراد جن کی شناخت عبدالرشید راتھر ولد غلام محمد راتھر ،غلام محمد ڈار ولد علی محمد ڈار ،غلام حسن کاوا ولد عبدالرحیم کاوا، غلام مصطفیٰ راتھر ولد عبدالرحمان راتھر ،غلام محمد چوپان ولد علی محمد چوپان ساکنان ڈانگر پورہ سمبل بانڈی پورہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں خون میں لت پت فوری طور پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویش ناک قرار دے کر مزید علاج و معالجہ کیلئے صورہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر غلام مصطفیٰ راتھر ولد عبدالرحمان راتھر زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس سٹیشن سونہ مرگ شوکت احمد نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 50سالہ غلام مصطفیٰ راتھر صورہ میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ سونہ مرگ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف ائی آر نمبر 2/2018درج کرکے کاروائی شروع کردی۔