سونہ مرگ میں بھی ٹیولپ گارڈن قائم کیاجائے گا

کنگن//سیاحت کوفروغ دینے کیلئے جموں کشمیرحکومت گلمرگ،پہلگام،سونہ مرگ،بھدرواہ،پونچھ اور سناسرمیں ٹیولپ گارڈن قائم کررہی ہیں اور اس سلسلے میں چیف سیکریٹری نے حکام کو ہدایات دی ہیں کہ ٹیولپس کوعام کرنے اورٹیولپ باغات کو جگہ جگہ قائم کرنے کیلئے فوری اقدام کئے جائیں۔اس کے تحت سونہ مرگ میں بھی ایک ٹیولپ گارڈن قائم کیاجارہاہے تاکہ سیاحوں کی اس جگہ دلچسپی میں اضافہ کیا جائے۔سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اس سلسلے میں 80سے 100 کنال اراضی کی نشاندہی کی ہے ،جس کے بارے میں محکمہ مال سے ریکارڈ کے حصول کیلئے رجوع کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ماہرین کی ٹیم موسم بہار کے شروع ہوتے ہی سونہ مرگ کادورہ کرکے یہاں ٹیولپ گارڈن قائم کرنے کے ماکانات کا جائزہ لے گی اور عین ممکن ہے کہ اسی سال اس باغ کے قیام کاکام شروع کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ ٹیولپ کے مختلف پھول مختلف درجہ حرارتوں میں جوبن پر آتے ہیں اس لئے سونہ مرگ میں جو ٹیولپ گارڈن قائم کیاجائے گا وہاں جون اور جولائی میں ٹیولپ پھول جوبن پرآئے گے۔