سونہ مرگ اورزوجیلا میں ہلکی برفباری

سرینگر// پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کے باعث وادی میں جمعرات کو یخ بستہ ہوائوں کے نتیجے میں پیدا ہوئی ٹھنڈ دن بھر جاری رہی۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 16دسمبر یعنی جمعرات سے مغربی ہوائیں ایک با ر پھر وادی کی طرف رخ کررہی ہیں جس کی وجہ سے دن میں سرد ہوائیں چلتی رہیں۔ محکمہ نے23  سے 25دسمبر تک درمیانہ یا بھاری برف باری کی پیش گوئی کی ہے ۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ میں 22 دسمبر تک موسم خشک رہ سکتا ہے، تاہم 23 دسمبر سے25دسمبر تک درمیانی سے بھاری برف باری متوقع ہے ۔اس بیچ جمعرات کو وادی کے کچھ ایک علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق جمعرات کے روز سونہ مرگ، زوجیلا ،گگن گیر، ہائین کنگن میں ہلکی برفباری کا آغاز ہوا جوشام تک جاری تھا، تازہ برف باری کے نتیجے میں پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت میں کافی دقتیں پیش آئیں۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ  باور کیا جارہا ہے کہ کرسمس کے وقعہ پر امسال برفباری کا قوی امکان ہے۔ادھر رات کے دوران مطلع صاف رہنے کے نتیجے میں وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ گلمرگ منفی 10ڈگری پر منجمند رہا جبکہ دراس میں  منفی 20ڈگری کے قریب پہنچ گیا ہے  ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والوں دنوں میں شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت میں کمی ہونے کے ساتھ ہی پوری وادی سخت ترین سردی کی لپیٹ میں آچکی ہے ۔  بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.1،ڈگری، گلمرگ میںمنفی10.0،پہلگام میں منفی6.9،کپوارہ میں منفی4.5، کوکرناگ میں منفی 3.0 ریکارڈ کیا گیا ۔ لیہہ میں منفی15، کرگل میں منفی 12.5اور دراس میں منفی19.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔