نئی دہلی//مرکز نے جمعہ کو عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ وہ سول سروسزامتحانات میں شامل ہونے والے اُن امیدواروں ،جو گزشتہ برس کووِڈ- 19کی وجہ سے یونین پبلک سروس کمیشن کی طرف سے لئے گئے امتحان میں اپنی آخری کوشش میں شامل نہیں ہو سکے تھے،کو ایک اور موقعہ دینے کے حق میں نہیں ہے ۔جسٹس اے ایم خان ولکرکی سربراہی میں بنچ نے ایڈیشنل سالسٹر جنرل ایس وی راجو ،جو ڈیپارٹمنٹ آف پرسنل وٹریننگ کی طرف سے پیش ہوئے ،کے دلائل کانوٹس لیا۔راجو نے بنچ کو بتایا،’’ہم ایک اور موقعہ دینے کوتیار نہیں ہیں،مجھے بیان حلفی دائر کرنے کی مہلت دیجئے،کل رات مجھے ہدایت موصول ہوئی کہ ہم اتفاق نہیں کرتے ‘‘۔بنچ نے اب سول سروس کی خواہشمندرچناسنگھ کی عرضی کو25جنوری کو سماعت کیلئے رکھااورمرکزسے کہا کہ وہ اس دوران بیان حلفی داخل کرے اوراُسے فریقوں کومہیا کریں۔ اس سے قبل سالسٹر جنرل تشارمہتہ نے بنچ کو بتایاتھا کہ حکومت اس معاملے پر غور کررہی ہے تاکہ سول سروس کے خواہشمند ان امیدواروں کو جنہوں نے گزشتہ سال امتحان میں شرکت نہیں کی تھی ،کو ایک اور موقعہ دیا جائے ۔عدالت عظمیٰ نے 30 ستمبر 2020کو یونین پبلک سروس کمیشن کو ابتدائی امتحان ملتوی کرنے کو ردکیاتھاجو کووِڈکی بنا پر4اکتوبر کو منعقد کیاگیا۔تاہم اُس نے وباء اور ملک کے کئی حصوں میں سیلاب کی وجہ سے مرکزی حکومت کو اُن امیدواروں کو ایک اور موقعہ دینے پر غور کرنے کو کہاتھاجن کیلئے یہ آخری موقعہ تھا۔بنچ کو اس وقت بتایا گیاتھا کہ اس سلسلے میں فیصلہ محکمہ پرسنل وٹریننگ لے گا۔
سول سروس امتحان کے غیر حاضر امیدوار
