سول سروسزامتحان میں جموں کشمیرکے 9امیدوارسرخرو

سری نگر//یونین پبلک سروس کمیشن کے مایہ نازسول سروسزامتحان میں اس سال جموں کشمیر کے9امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے ۔لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔کے این ایس کے مطابق جموں کی 22سالہ سوچتر شرما جو 146 ویں نمبر پر ہیں،سول سروس امتحان میں جموں و کشمیر کے کامیاب امیدواروں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ ضلع جموں کے بشنہ کے سالہار گاؤں کے ساکن مدن لال شرما کے بیٹے سچیتر نے پہلی کوشش میں سول سروس امتحان 2020 میں کامیابی حاصل کی اور 146 رینک حاصل کی۔ ان کے بعد محمد عاقب (205) اور وسیم احمد  (225) ہیں۔اس امتحان میں شیویہ ہانگلو (261) سارہ اشرف (316) ، الطاف محمد شیخ (545) ، اقبال رسول ڈار (611) ، عامر بشیر (625) ماجد اقبال خان (738) بھی کامیاب امیدواروں میں شامل ہیں۔سوچترشرما نے 2020 میں اپنی گریجویشن مکمل کرلی ہے۔ گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ، وہ UPSC امتحان میں شامل ہوا اور اپنی پہلی کوشش میں 146 رینک کے ساتھ کامیاب قرار دیا گیا۔اس امتحان میںجنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے وسیم احمد بٹ نے 225 ویں رینک کے ساتھ یو پی ایس سی کا امتحان پاس کیا ہے۔ وسیم احمد بٹ (225 رینک یو پی ایس سی 2020) نے اپنی ابتدائی تعلیم ایس ایس مشن  اسکول ناتھ پورہ سے  حاصل کی اور این آئی ٹی سرینگر سے انجینئرنگ کا کورس مکمل کیا۔شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ کے جگر پورہ گاؤں کے اقبال رسول ڈار نے اپنی تیسری کوشش میں 611 ویںرینک حاصل کر کے یو پی ایس سی سول سروسز امتحان 2020میں کوالیفائی کیا۔ ان کے والد غلام رسول ڈار ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہیں۔سول سروسز کا امتحان UPSC تین مراحل میں لیا جایا ہے ۔ ابتدائی، مین اور انٹرویو ،انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (IAS) ، انڈین فارن سروس (IFS) اور انڈین پولیس سروس (IPS) کے افسران کو منتخب کرنے کے لیے  لیاجاتاہے۔ کمیشن نے کہا کہ  نتائج یو پی ایس سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا ، لیکن نتائج کے اعلان کے تاریخ سے 15 دن کے اندر ویب سائٹ پر نمبر دستیاب ہوں گے۔ادھر جموں و کشمیر کے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارک باددی ہے ۔ اپنے ایک آفیشل ٹویٹ میں انہوں نے سنیچر کی صبح سب کو مبارک باد پیش کی ۔