سوشل میڈیا کے جعلی اکونٹ ہولڈر | پولیس نے لوگوں کو خبردار کیا

بلال فرقانی
سرینگر//انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ جعلی اکونٹ ہولڈر لوگوں سے دھوکہ دہی کرکے رقوم بٹور رہے ہیں۔آئی جی پی نے ایک ٹویٹ کر کے ایڈوائزری میں کہا ہے کہ دھوکہ باز سرکاری افسران کی تصویر انٹرنیٹ سے حاصل کرتے ہیں اور ورچوئل نمبر یا جعلی سم کارڈ پر واٹس ایپ اکانٹ بناتے ہیں۔ایڈوائزری میں کہاگیاہے کہ وہ سرکاری افسر کی تصویر کو واٹس ایپ نمبر پر ڈسپلے تصویر کے طور پر اپ لوڈ کرتے ہیں اور مالی یا انتظامی مدد کا مطالبہ کرنے والے لوگوں کو پیغام بھیجتے ہیں۔ ایڈوائری کے مطابق ’’وہ صارفین سے رقم کی منتقلی یا آن لائن تحفوں کے  لیے کہتے ہیں۔‘‘احتیاطی تدابیر کے ایک حصے کے طور پر، لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ نامعلوم واٹس ایپ صارفین کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کا جواب نہ دیں، رقم کی منتقلی یا آن لائن گفٹ نہ خریدیں یا بینکنگ تفصیلات جیسے کریڈٹ کارڈ،ڈیبٹ کارڈ، ائو ٹی پی،سی ڈبلیونمبر یا کوئی پاس ورڈ شیئر نہ کریں۔