یو این آئی
سرینگر//ایک غیر مقامی طالب علم کی جانب سے مبینہ طور پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی سوشل میڈیا پوسٹ کے خلاف طلباء کے احتجاج کے ایک دن بعد (این آئی ٹی) سرینگر میں بدھ کے روز تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ مقامی حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد این آئی ٹی میں بدھ کے روز کلاس ورک کو احتیاطاً معطل رکھا گیا۔پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن نگین میں ایک مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس نے سماجی رابطہ گاہ ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہ: ‘پولیس نے این آئی ٹی حکام سے ایک اطلاع موصول ہونے پر این آئی ٹی حضرت بل کے ایک طالب علم کی طرف سے ایک مخصوص کمیونٹی کے مذہبی جذبات کے خلاف حساس مواد اپ لوڈ کرنے کے واقعے کا نوٹس لیا اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن نگین میں تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا’۔قابل ذکر ہے کہ منگل کی سہ پہر کو این آئی ٹی سرینگر میں زیر تعلیم طالب علموں نے احتجاج کیا۔ان کا مطالبہ تھا کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے طالب علم کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ منگل کی سہ پہر طلبا کیمپس میں جمع ہوئے اور کئی گھنٹوں تک احتجاج کیا اور کیمپس کا دروازہ بھی بند کردیا۔مذکورہ عہدیدار کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے غیر مقامی طالب علم کو چھٹی پر گھر بھیج دیا گیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ این آئی ٹی کے رجسٹرار نے پولیس سے طالب علم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی درخواست کی ہے۔