سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کریک ڈاون کا آغاز، 9افرادگرفتار

 یو این آئی

سرینگر// جموں وکشمیر پولیس نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں شروع کرکے وادی کے مختلف اضلاع میں9 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی ہے۔اننت ناگ پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے سلمان مشتاق کٹے ولد مشتاق احمد ساکن چیک وانگنڈ ڈورو ، رمیز اشرف ہادی ولد محمد اشرف ساکن واٹنارڈ کوکر ناگ اور عمر فاروق گنائی عرف غازی سر ولد فاروق احمد ساکن راتھپورہ کھار بگ سری گفوارہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی ہے۔ مذکورہ افراد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز ویڈیوز اپ لوڈ کرکے اشتعال انگیز بیانات دئے۔ اونتی پورہ پلوامہ میں افوا پھیلانے کی پاداش میں پولیس نے بیگ پورہ کے شیراز احمد بیگ ولد عبدالمجید کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔دریں اثناء گاندربل پولیس نے بھی2 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ۔پولیس بیان کے مطابق سوشل میڈیا پر نفرت آمیز ویڈیوز ا پ لوڈ کرنے کے الزام میں وسیم مشتاق ملک ولد مشتاق احمد ملک ساکن صفا پورہ اور عادل احمد راتھرولد مشتاق احمد راتھر ساکن نونر گاندربل کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔علاوہ ازیں بڈگام اور بارہ مولہ پولیس نے بھی تین افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ہے۔بارہ مولہ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے کی پاداش میں بلال احمد وانی ولد علی محمد وانی ساکن وانی محلہ بالہ ہارن پٹن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے افراد سے ہوشیار رہیں جو سوشل میڈیا سائٹوں پر نفرت آمیز مواد اپ لوڈ کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جو بھی ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سختی سے نمٹاجائے گا۔واضح رہے کہ جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ آر آر سوین نے 30نومبرکو جموں میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر، کسی بھی قسم کے ایسے ویڈیوز، ٹیکسٹ یا آڈیوز جو مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچنے یا امن و قانون کی صورتحال میں خلل ڈالنے کے باعث ہوں، پوسٹ کرنے والوں کے خلاف تحت قانون سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسے پوسٹوں کو شئیر کرنے والوں کو بھی قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر پولیس کسی بھی شر پسند عنصر کو کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی۔