سورو گنگولی کی سیکورٹی ’زیڈ ‘زمرے میں

ولکاتا// مغربی بنگال حکومت نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سورو گنگولی کی سیکورٹی کو ‘زیڈ’ کیٹیگری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کچھ سینئر عہدیداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ منگل کو سورو گنگولی کی ‘وائی’ زمرہ کی سیکورٹی کی میعاد ختم ہونے کے بعد لیا گیا ہے۔

 

 

اہلکار نے بتایا ’’کسی بھی اہم ترین شخص کے سیکورٹی کور کی مدت پوری ہونے پر پروٹوکول کے مطابق جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس عمل کے تحت گنگولی کی سیکورٹی کو ’وائی‘ سے بڑھا کر ’زیڈ‘ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ نئے حفاظتی انتظامات کے تحت اب گنگولی کی حفاظت کے لیے 8 سے 10 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ اب تک تین پولیس والے ان کے ساتھ رہتے تھے۔ گنگولی فی الحال آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلز ٹیم سے وابستہ ہیں اور 21 مئی کو کولکاتا واپس آئیں گے۔