سورج کی تپش برقرار وادی میں شبانہ درجہ حرارت کا 32سالہ ریکارڈ برابر،4اور 5جولائی کو بارشوں کا امکان

اشفاق سعید

سرینگر // وادی میں بدستور سورج آگ اگل رہا ہے اور جمعرات کے مقابلے میں جمعہ کو درجہ حرارت 33.9ریکارڈ کیا گیا۔واضح رہے کہ جمعرات کودرجہ حرارت 34.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا تھا۔ جمعہ کو جموں میں قدرے راحت رہی۔البتہ وادی میں شبانہ درجہ حرارت نے 32سال پرانے ریکارڈ کو برابر کیا ہے۔بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب وادی میں رواں سیزن کا سب سے زیادہ درجہ حرارت23.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔32سال قبل 24جون1990کوسرینگرمیں رات کا درجہ حرارت 23.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیاتھا۔ جون کے مہینے میں رات کا سب سے زیادہ درجہ حرارت29جون 1978کو ریکارڈ کیا گیا تھا جو24.6رہا تھا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا ہے کہ 4اور 5جولائی کو وادی کے بیشتر مقامات پر درمیانہ درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ جموں میں مونسون کی آمد کے ساتھ ہی وادی میں مطلع ابر آلود بھی رہیگا اور شام کے وقت کبھی کسی جگہ بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔انکا مزید کہنا ہے کہ مجموعی طور پر موسم خشک اور گرم رہیگا۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق جمعہ کو سرینگر میں دن کا درجہ حرارت 33.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا وہیںشبانہ درجہ حرارت 23.6ڈگری تھا۔قاضی گنڈ میںدرجہ حرارت 31.9ڈگری تھا اور رات کا 21.6ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔کپوارہ میں دن کا 34.9ڈگری اور رات کا 21.1 ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلگام میں 29.0ڈگری اور رات کا 17.2ڈگری تھا ۔گلمرگ میں دن کا 24.2 اور رات کا 14.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔