نئی دہلی//اراولی کی نیلی پہاڑیوں پر منعقدہ مشہور بین الاقوامی سورج کنڈ کرافٹس میلہ 2022ء دو برس کے وقفے کے بعد اِس مہینے 19تاریخ سے شروع ہوگا۔اِس تقریب میں جموںوکشمیرتھیم پارٹنر کے طورپر حصہ لے رہا ہے جو مختلف شکلوں میں جموںوکشمیر کے شاندار فن ، ثقافت اور ضیافتوں کی عکاسی کرے گا۔ سیکرٹری سیاحت و کلچرسرمد حفیظ نے سورج کنڈ ہریانہ میں تقریب کے اِنعقاد سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ میلے میں کشمیری ہائوس ، ہائوس بوٹ ، مبارک منڈی کا اگلا حصہ ،بچہ دروازہ اور چشمہ شاہی کی تعمیراتی عکاسی کی جائے گی۔سیکرٹری سیاحت و کلچر کے ہمراہ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر محمود احمد شاہ بھی تھے۔ اِس کے علاوہ خانقاہ معلی کی ترتیب میں جموںوکشمیر کے چھ مختلف دستکاریوں کا لائیو مظاہرہ بھی ہوگا ۔ محمود احمد شاہ نے کہا کہ دِن بھر چلنے ولے ثقافتی پروگراموں کے ساتھ زبیر کرمانی کا ایک خوبصورت فیشن شو ہوگا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ 22 مارچ اور 4 اپریل کو خصوصی ثقافتی پرفارمنس ہوگی۔مختلف سرکاری محکمے بشمول سیاحت ، صنعت و حرفت ، کھادی اینڈ ولیج اِنڈسٹریز ، جے کے آئی ، زراعت ، باغبانی اور جے کے ٹی ڈی سی بھی گالا کارنیول میں شرکت کریں گے۔ہندوستان کے ایک شوقین اور باقاعدہ معروف ڈیزائنر نے کہا،’’ ہزاروں دستکاری کے شائقین اِس مہینے کی 19تاریخ کو ہونے والے اِفتتاح کا بے تابی سے اِنتظار کرر ہے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ اُزبکستان اِس سیزن کا پارٹنر ملک ہے۔