سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیربصیر احمد خان کی ہدایات کے تحت پی ڈی ڈی نے وادی بھر میں سوبھاگیہ سکیم کے تحت 162658 بجلی کنکشنوں میںسے 63711کنکشنوں کو باقاعدہ بنایا۔ ’’پردھان منتری سہج بجلی ہر گھریوجنا‘‘ کا آغاز ستمبر2017ء میں کیا گیا جس کا ہدف ایسے تمام گھروں کو بجلی سے روشن کرنا ہے جو اب تک بجلی کی سہولیت سے محروم ہیں۔اس سکیم سے جہاں ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہورہا ہے وہیں بیروزگاری کا قلع قمع کرنے میں بھی مددمل رہی ہے۔سوبھاگیہ سکیم کے تحت صدفیصد ہدف حاصل کرنے کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو پی ڈی ڈی انجینئروں کے ساتھ ایک وسیع مہم شروع کرنے کی پہلے ہی ہدایات جاری کی ہیںتاکہ ایسے گھروں کی نشاندہی کی جاسکے جہاں دو یادو سے زیادہ کنبے رہائش پذیر ہیں اورایک ہی بجلی کنکشن استعمال کرتے ہیں تاکہ تمام کنبوں کو سکیم کے دائرے میں لایاجاسکے۔انہوںنے اس پورے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے پر زوردیا تاکہ مستحق کنبے سکیم سے استفادہ کرسکیں۔ صوبائی کمشنر نے کہا کہ لائین محکموں کے ساتھ تال میل کرکے ایسے تمام غریب اورمستحق کنبوں کو بجلی فراہم کی جائے گی جو اب تک بجلی سے محروم ہیں ۔سکیم کے تحت 30نومبر2018ء تک قوائد وضوابط کے تحت بجلی کے مفت کنکشن فراہم کئے جاسکتے ہیں۔عام شہریوں کواس سلسلے میں چیف انجینئر پی ڈی ڈی کشمیر کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔
سوبھاگیہ سکیم کے تحت63711بجلی کنکشنوں کی باقاعدگی
